کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سول افسران کی حیثیت سے آپ ہماری پوری قوم کا اثاثہ ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن، کوئٹہ نے آپ کو اپنے کیریئر میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے ضروری مہارتوں سے لیس کیا ہے۔
اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ کسی دباؤ اور تعصب کا شکار ہوئے بغیر لوگوں کی خدمت کیلئے اپنی مہارت کا استعمال کریں۔ عوامی خدمت، دیانتداری اور جوابدہی کی اقدار پر قائم رہیں۔
جب آپ اس نئے باب کا آغاز کرینگے یاد رکھیں کہ آپ کی لگن اور مہارت بلوچستان اور پاکستان کے لوگوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے 43ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کی تکمیل سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کوئٹہ کے ڈائریکٹر جنرل سید علی رضا شاہ اور گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ کے عطاء الرحمٰن خلجی بھی موجود تھے.
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ ایک باوقار ادارہ ہے اور 43 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کی تکمیل کے بعد افسران پیشہ ورانہ کیریئر کے چیلنج کا سامنا کر سکیں گے۔ آفیسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عام لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوامی ملازمین کی حیثیت سے آپ گڈ گورننس کو برقرار رکھنے، کرپشن کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وسائل کو بروئے کار لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آپکی ذمہ داری میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے، زیادہ سے زیادہ بھلائی کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نیپا کے زیر تربیت آفیسرز پر زور دیا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور اختراعی رہنے کیلئے ٹیکنالوجی اور لاگو تحقیق کا فائدہ اٹھاکر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کریں۔
یہ آپ کو تنقیدی سوچ اور درپیش مسائل حل کرنے کی مہارتوں کو فروغ دینے کے قابل بنائیگا۔
اپنے روزمرہ کے معمولات میں نئی چیزیں سیکھنے اور جدید ریسرچ کو ضم کرکے آپ باخبر فیصلے کرینگے اور ترقی کو آگے بڑھائیں گے۔
ان اقدار کو برقرار رکھ کر آپ نہ صرف قومی توقعات پر پورا اتریں گے بلکہ معاشرے کی بہتری میں بھی اپنا حصہ ڈالینگے۔
اسطرح آپ کے اعمال اور کردار آپ کے عوامی خدمت کے عزم کا ثبوت ہوں گے۔ آخر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زیر تربیت آفیسرز میں اسناد بھی تقسیم کیے۔
Leave a Reply