کوئٹہ: امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہاکہ عوام اور جمعیت علماء اسلام کا رشتہ ایک ناقابلِ تسخیر بندھن ہے
انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام اور جمعیت علماء اسلام کے مابین قائم رشتہ کسی بھی صورت کمزور نہیں ہو سکتا۔
عوام نے ہمیشہ جمعیت پر غیر متزلزل اعتماد کیا ہے، اور ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ اس اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دی جائے گی۔
جمعیت نہ صرف عوام کی حقیقی ترجمان جماعت ہے بلکہ عوامی مسائل کے ادراک اور ان کے حل کے لیے ہمیشہ سنجیدہ، بیدار اور متحرک رہی ہے۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کسی مخصوص صوبے یا خطے تک محدود جماعت نہیں، بلکہ اس کی عوامی حمایت کراچی سے کشمیر تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہ جماعت ہر اس طبقے کی آواز ہے جو غربت، مہنگائی اور بدحالی کا شکار ہے۔
آج ملک بھر میں مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، اور ایسے حالات میں عوام کی واحد امید، واحد سہارا اور واحد راستہ جمعیت علماء اسلام ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کہنا بجا ہوگا کہ پارلیمانی میدان میں ہماری عددی طاقت کو کمزور کرنے، مصنوعی قیادت کو مسلط کرنے اور عوامی فیصلوں کو مخصوص مفادات کے تابع کرنے کی ایک منظم کوشش کی جا رہی ہے۔
ان تمام منصوبوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ صرف اور صرف جمعیت علماء اسلام ہے، جو نہ بکی ہے، نہ جھکی ہے، اور نہ ہی کبھی دباؤ میں آئی ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ صوبے کے مستقبل سے جڑے اہم منصوبوں میں تاخیر، عوامی مفادات کے ساتھ سنگین ناانصافی کے مترادف ہے۔
ہم پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ میگا پروجیکٹس میں صوبے کے عوام کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔
عوام کو نظرانداز کر کے کوئی ترقی پائیدار نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام آنے والے بجٹ میں عوامی حقوق کے تحفظ، روزگار کی فراہمی، اور مہنگائی کے خلاف بھرپور اور مؤثر پارلیمانی کردار ادا کرے گی۔ ہم نہ صرف آواز بلند کریں گے بلکہ ہر ممکن عملی قدم بھی اٹھائیں گے تاکہ عوام کو ان کا جائز حق ملے اور پاکستان ایک خوشحال، مستحکم اور عادلانہ معاشرے کی طرف گامزن ہو۔
Leave a Reply