|

وقتِ اشاعت :   16 hours پہلے

ملک میں عام لوگوں کے مسائل آج بھی بہت زیادہ ہیں سب سے بڑا مسئلہ مالی بوجھ ہے جو مہنگائی اور بیروزگاری کی صورت میں ہر خاندان بھگت رہا ہے، ان کے کچن سے لے کر دیگر ضروریات بہ مشکل پوری ہورہی ہیں، ان کی امیدیں اور توقعات ہر نئی حکومت سے سے وابستہ ہو جاتی ہیں کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا مگر کم آمدن، مہنگائی، بے روزگاری جیسے سنگین چیلنجز نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔
ایسی صورتحال میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ سراسر زیادتی ہے جبکہ اس سے قبل اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی بے تحاشااضافہ کیا گیا حالانکہ ہمارے ہاں اراکین قومی اسمبلی کی بیشتر تعداد کو تنخواہ کی ضرورت ہی نہیں ،ان کے پاس اتنی جائیدادیں اور کاروبار ہیں کہ وہ لگژری زندگی گزارتے ہیں ۔
بہرحال تنخواہوں میں اضافے پر اس لئے سوال اٹھانا جائز ہے کہ عام لوگوں کو کتنا ریلیف اور معاشی مسائل سے چھٹکارا ملا ہے، آج بھی لوگ معاشی مسائل سے دوچار ہیں ان کی تکالیف اور درد کا احساس کرتے ہوئے کفایت شعاری کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔
جب مالی صورتحال بہتر ہو جائے تو سب سے پہلے عام لوگوں کو ریلیف دینا ضروری ہے جنہوں نے ووٹ کے ذریعے اپنی نمائندگی اور اپنے مسائل کے حل کیلئے قومی اسمبلی تک ان شخصیات کو پہنچایا ہے۔
بہرحال وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اورڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی اسپیکر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی بھاری بھرکم تنخواہوں میں اضافے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہ اور مالی مراعات میں اضافہ مالی فحاشی کے زمرے میں آتا ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کی تنخواہ ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 21 لاکھ کرنے کی وجہ 9 سال سے اضافہ نہ ہونا قرار دیا ہے یہ انتہائی حیران کن اور تعجب کی بات ہے۔
حکومت مشکل حالات میں عوام سے قربانی کا تقاضہ کرتی ہے اور ان پر ٹیکسز کا بوجھ لادھ دیتی ہے۔
مہنگائی جیسے اہم مسائل سے دوچار عوام کو سب سے پہلے ترجیح دینی چاہئے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آسکے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *