کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولہ بھی شریک تھیں ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پارلیمانی امور اور بین الجماعتی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے شرکاء کو حکومت کی جانب سے ترقیاتی اہداف، گورننس، صحت، امن و امان اور سروس ڈلیوری سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی پاکستان پیپلزپارٹی کے وزراء اور اراکین اسمبلی نے حکومت بلوچستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پیپلز ٹرین سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے ایک انقلابی اقدام قرار دیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیح صرف بجٹ سازی نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت ہے۔
ہم ترقیاتی منصوبوں کو صرف کاغذی وعدے نہیں بننے دیں گے، بلکہ زمین پر کام ہوتا ہوا نظر آئے گا انہوں نے کہا کہ ہم عوامی اعتماد کی بحالی اور سروس ڈلیوری کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہیں
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایس ڈی پی فنڈز کا 90 فیصد سے زائد استعمال ممکن بنایا گیا ہے جو گڈ گورننس اور بروقت فیصلوں کا نتیجہ ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہماری حکومت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے بجٹ کی تیاری کا عمل مکمل کر رہی ہے تاکہ تمام طبقات کی نمائندگی اور شراکت کو یقینی بنایا جا سکے
انہوں نے اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں نے ملک کو سیاسی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان اور وڑنری قیادت پاکستان کا روشن چہرہ ہے جو ترقی، جمہوریت اور قومی یکجہتی کی علامت بنتی جا رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بلوچستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے اور اس کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور بین الجماعتی تعاون ناگزیر ہے۔
Leave a Reply