|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے سفارتی محاذ پر پاک بھارت جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو جاندار طریقے سے پیش کرنے پر سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ہمراہ وفد کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک تہنیتی پیغام میں میر صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وفد کے ہمراہ جنوبی ایشیاء میں حالیہ کشیدگی پر جس طریقے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا وہ لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے دورے میں بھارت کے بلا اشتعال جارحیت، پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں اور علاقائی امن کو لاحق خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اور واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے عوام کی مکمل حمایت سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔
اور انہوں نے کہا کہ ہم اپنی خود مختاری کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں اور ہم بھارتی جنگی عزائم کو ناکام بنا کر ہی چھوڑیں گے۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں نے ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب رہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد نے اپنے کامیاب دورے میں دنیا پر واضح کر دیا کہ بھارت نریندر مودی کی قیادت میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے اور خطے میں امن کو تباہ کر رہا ہے۔
صوبائی وزیر آبپاشی نے کامیاب سفارت کاری پر بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہترین صلاحیتوں سے ملک ترقی و خوشحالی کے زینے طے کرے گا۔