کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان نے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کے اسمبلی اجلاس کے کلپ کو وائرل کرنے پر ایف آئی اے سے تحقیقات کروانے اور صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر کیسکو چیف کو آج طلب کرلیا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ایران سے منسلک سرحدی علاقوں میں اشیاء خورونوش کی کمی نہ ہونے دینے کی یقین دہانی ۔
جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 55منٹ کی تاخیر سے اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس کے آغازپر پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیترا ن نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے
جس میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کی تضحیک ہوئی ہے یہ کلب ایوان کے اندر سے بنایا گیا ہے اسپیکر اس کلپ کی تحقیقات کروائیں جس نے بھی یہ حرکت کی ہے اس کے خلاف سرکاری کاروائی کے ساتھ ساتھ ہم ذاتی طور پر نمٹیں گے ۔
صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ 3گھنٹے کے اجلاس سے ایک کلپ نکال کر تضحیک کی گئی ہے کل کسی بھی رکن کی ایسی تصاویر یا کلپ بنائے جائیں گے لہذا اس پر کاروائی کی جائے ۔ اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے رولنگ دی کہ ایک رکن کی بے عزتی پورے ایوان کی بے عزتی ہے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو طلب کر کے اس معاملے پر تحقیقات کروائی جائیں ۔
اجلاس میں رکن اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ایران سے منسلک سرحدی علاقوں میں عوام مشکلات کا شکارہیں 1958کے معاہدے کے تحت اشیاء ضروری کی آمد و رفت پر کوئی پابندی نہیں ہوگی 10دن بعد لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہونگے حکومت اس کا متبادل تلاش کرے ۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کروائی کہ پی او ایل اور دیگر حوالے سے مسائل پر گوادر میں لوگوں نے نشاندہی کی ہے اس حوالے سے پیٹرولیم کے وزیر سے بات کی ہے جبکہ اشیاء خوردونوش کی قلت نہیں ہونے دی جائیگی چاہے ہمیں ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے ۔
مسلم لیگ(ن) کے رکن زرک خان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ میں شدید گرمی میں 6سے 7گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے یہ عوام سے ذیادتی ہے کیسکو چیف کو طلب کیا جائے ۔
صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ نصیر آباد میں 52ڈگری سینٹی گریڈ میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے علاقے میں دو پاور پلانٹ ہونے کے باوجود بجلی مہیا نہیں کی جاتی کیسکو چیف کو طلب کیا جائے ۔
پیپلز پارٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ کوئٹہ اور سریاب کے حوالے سے کیسکو نے یقین دہانی کروائی مگر اس کے باوجود بجلی کی فراہمی نہیں کی جارہی ۔
جس پر اسپیکر نے کیسکو چیف کو آج دوپہر 1بجے طلب کرلیا ۔انہوں نے ارکان کو تاکید کی کہ جن ارکان نے نشاندہی کی ہے وہ بھی اس موقع پر موجود رہیں۔