|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2025

کوئٹہ : صوبائی مشیر کھیل مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع مل سکے لاہور قلندر نے پی ایس ایل کے نئے ایڈیشن سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور اب تک ساڑھے 6 لاکھ کھلاڑیوں کا ٹرائل کیا جاچکا ہے

جس میں بلوچستان سے 22 کھلاڑی رجسٹرڈ ہوں گے بلوچستان میں چار روزہ ٹرائلز کیمپ بھی منعقد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ ،لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کے ہمراہ بیوٹمز یونیورسٹی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندر اور پی ایس ایل کے حوالے سے کھلاڑیوں کے چنائو کے لئے ٹرائلز کا آغاز بلوچستان سے کرنا بلوچستان کی اہمیت کا اعتراف ہے بلوچستان کی پانچ ٹیموں کو قومی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے گا بلوچستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے

ضرورت اس امر کی ہے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا انہیں موقع ملنا چاہئے ہمارے نوجوانوں نے مواقع نہ ہونے کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے محکمہ کھیل ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے کالجز اور یونیورسٹیوں سے نوجوانوں کے ٹرائلز کرے گا

بلوچستان کے پانچ نوجوانوں کو لاہور کے مرکزی ٹریننگ کیمپ کے لیے سلیکٹ کیا جائے گا لاہور قلندرز کے ٹرائلز کے لیے صوبائی حکومت بھرپور معاونت کرے گی لاہور قلندر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیااس موقع پرلاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز اب تک ساڑھے چھ لاکھ کھلاڑیوں کا ٹرائلز کر چکی ہے

جس میں بلوچستان سے 22 کھلاڑی رجسٹرڈ ہوئے ہیں، چار روز تک ٹرائلز ہونگے سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین ممالک سے ٹریننگ دی جائے گی۔

خواہش ہے کہ آئندہ سیزن میں بلوچستان سے بھی کوئی کھلاڑی لاہور قلندرز میں کھیلے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ملکی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے اور وہ اپنے صوبے پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔