|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2025

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، ندی نالوں میں طغیانی،سیلابی ریلے میں بہہ کرچار خواتین جاں بحق،تین افراد کوبچا لیا گیا، کچے مکانات کی دیواریں منہدم ، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ، بارکھان، زیارت، ہرنائی، نصیر آباد، کچھی ، سوراب، قلات، خضدار، وڈھ ، لسیبلہ، حب، ژوب، موسیٰ خیل، جھل مگسی، مستونگ، لورالائی، صحبت پور ، جعفر آباد، اوستہ محمد ، شیرانی ، نوشکی، ڈیرہ بگٹی، دکی، قلعہ سیف اللہ، پنجگور، اورماڑہ میں وقفے وقفے سے آندھی ،طوفان اور بارش کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران بارکھان، موسیٰ خیل، لسبیلہ، خضدار ، قلات ڈویژن ، رکھنی کے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔طوفانی بارشوں کے باعث ژوب کے علاقے سیلازہ میں دوگاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین اور ایک بچی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت آفرین، ثمرین، عمرہ، رامیم جبکہ زخمیوں میں زیداور شمیم شامل ہیں ۔ حادثے کا شکار خاندان کا تعلق ملتان سے ہے

جو سیلازہ کے مقام پر پکنک منا نے کے لئے گئے تھے ۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے حضرت ولی کاکڑ کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ اور پہاڑی علاقوں میں بارش ندی نالوں میںزردآلو کے مقام پر سیلابی ریلے میں تین افراد سیلاب میں پھنس گئے تھے جنہیں زندہ بچالیا گیا ۔دوسری جانب کوئٹہ کے علاقوں ہنہ اوڑک، سرہ غرگئی اور کلی شاہ عالم میں بھی ندی نالوں میں بارش کا پانی آنے سے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا آندھی اور طوفان کے باعث سرہ غرگئی میں کچے مکانات کی دیواریں گر گئیں ۔

کوئٹہ میں بارش کے بعد بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔شہر میں بجلی کے طویل بریک ڈائون کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے جبکہ کیسکو حکام حسب معمول شہریوں کی شکایا ت سننے سے قاصر رہے ۔محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج بھی گرچ چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔