|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2025

کوئٹہ :  عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت گرفتار ملازمین کو رہا کرکے ان کے ڈی آر اے سمیت دیگر مطالبات کو پورا کرے 8 جولائی کو احتجاج میں گرینڈ الائنس کے لوگوں کے بچوں کے ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کے ورکروں کے بچے بھی شریک ہوں گے

ہم ہر فورم پر ان کے مطالبات کے لئے آواز اٹھائیں گے احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے گرینڈ الائنس کے رہنمائوں سلام زہری، اکرم وردگ، آغا زاہد سمیت دیگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اور پولیس ملازمین کو گرفتار کرنے اور ان کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کریں ایسے اقدامات سے ہم مرعوب نہیں ہوسکتے

پہلی بار اپوزیشن نے بجٹ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو ہار پہنائے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرینڈ الائنس کے ملازمین کے حق میں نکالی گئی ریلی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقدہ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ثناء اللہ کاکڑ، رشید ناصر سمیت دیگر بھی شریک تھے ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے اصغر خان اچکزئی اور دیگر مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملازمین کے پر امن احتجاج میں ان کے ساتھ ہیں اور ان پر ہونے والے تشدد ، ظلم ، جبر کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے جس طرح حکومت نے گرینڈ الائنس کے رہنمائوں سے مذاکرات کئے اور ان سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے جس کے بعد انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا لیکن حکومت نے اپنی رٹ بحال رکھنے کیلئے پولیس کے ذریعے گرینڈ الائنس کے پر امن مظاہرے پر لاٹھی چارج ، تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ کی اور اس کی لیڈر شپ سمیت سینکڑوں ملازمین کو گرفتار کرکے جیلوں میں قید کیا

جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے حکومت کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گریز کرتے ہوئے ملازمین کے حقیقی اور جائز مطالبات جس میں تنخواہوں، پنشن اور ڈی آر اے میں اضافے سمیت دیگر مطالبات پورے کرنے چاہئیں مقررین نے کہا کہ پورے ملک میں ملازمین کو 70 فیصد ڈی آر اے دیا جاتا ہے جبکہ بلوچستان کے ملازمین کو 30 فیصد ڈی آر اے دیا جاتا ہے اس کو ملک بھر کے ملازمین کی طرح 70 فیصد ڈی آر اے کرنے کا مطالبہ ہے انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل جماعتوں نے جس طرح پارلیمان میں بیٹھ کر مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس کیا اور بلوچستان سمیت عوام پر جو ظلم اور جبر کیا ہے وہ بہانہ بناکر اس سے جان سے خلاصی نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے یہ اقدام اٹھایا ہے اور ان کے ہاتھ اس گناہ سے رنگے ہیں ہمارے بچے اور ملازمین احتجاج کرتے ہیں انہیں احتجاج کی اجازت نہیں انہیں گرفتار کرنے کے علاوہ ان کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں

کٹھ پتلی حکمرانوں کی کوئی حیثیت نہیں ظلم کی رات ختم ہونے والی حکمران اپنی غلط روش سے صوبے کے ماحول کو خراب کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے ملازمین کے بچوں کے احتجاج میں اے این پی کے ورکروں کے بچے بھی شامل ہوں گے اور اے این پی گرینڈ الائنس کے مطالبات کے حق میں ہر احتجاج میں شریک ہوںگی اور ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

انہوں نے ملازمین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر رہا کرکے حکومت مطالبات تسلیم کرے مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔