|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2025

کوئٹہ:  پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں شمالی وزیرستان میں عوامی مقامات پر ڈرون حملوں اور بے گناہ عوام کی شہادتوں کے واقعات کی پرزور مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران شمالی وزیرستان میں عوام کیر ہائشی علاقوں پر ڈرون حملوں سے 17 بچوں اور خواتین کا خون ناحق بہایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ہر پہاڑ پر فوجی دستہ موجود ہے ہر گاں میں چیک پوسٹ قائم ہے اور تمام قبائلی علاقوں پر مسلح افواج کا کنٹرول قائم ہے تو پھر ڈرون حملوں کا کیا جواز ہے اگر ان حملوں کا مقصد دہشتگردوں کی ٹارگٹ کلنگ ہے تو اس میں معصوم بچے اور گھریلو خواتین کیوں نشانہ بنتے اور شہید ہوتے ہیں فاٹا کے عوام ڈرون حملوں کے خلاف مسلسل احتجاج کرتے رہے ہیں

لیکن یہ سلسلہ بند نہیں ہوتا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ڈرون حملوں اور بلاجواز فوجی آپریشنوں کا مقصد قبائلی علاقوں میں خوف اور دہشت مسلط کرنا اور ان علاقوں سے عوام کو ایک بار پھر نقل مکانی پر مجبور کرنا ہے کہ ان علاقوں کے معدنیات کے ذخائر پر بہ آسانی قبضہ قائم کرسکیں۔ بیان میں ڈرون حملوں اور بلا جواز فوجی آپریشنوں کی خاتمے اور عوام کو جان ومال کی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔