حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا اعلان کردیا۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے پیر کی شب جاری کیے گئے بیان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب 12 بجے سے ہو چکا ہے۔
اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 258 روپے 43 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر تھی۔
یہ ایک ماہ کے دوران حکومتِ پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ ہے۔
اس سے قبل 15 جون کو 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات میں ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اضافے سے مہنگائی کی شرح بڑھے گی جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا جس سے عام لوگ بہت زیادہ متاثر ہونگے۔
ملک میں اب بھی مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے حالانکہ حکومت کی جانب سے معیشت میں بہتری کے دعوے تواتر سے کیے جارہے ہیںلیکن عوام تک اس بہتری کے اثرات نہیں پہنچ پارہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 248 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 25 ہزار کی حد عبور کرگیا۔
کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 248 پوائنٹس یا ایک فیصد اضافے سے ایک لاکھ 25 ہزار 627 پر بند ہوا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 24 ہزار 379 پر پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 11 جون کو بجٹ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2 ہزار 328 پوائنٹس یا 1.91 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 24 ہزار 352 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچا تھا۔ حکومت کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے رجحان کو سراہا جارہا ہے چونکہ کاروباری شخصیات کا اعتماد بحال ہورہا ہے ملک میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری میں بھی تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ریلیف دینے پر حکومت خصوصی توجہ دے، خاص کر پیٹرولیم مصنوعات، گیس، بجلی کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔
اس وقت پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ شدید پریشانی سے دوچار ہیں، حکومت کو چاہئے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع پالیسی بنائے تاکہ عام لوگوں پر سے مالی بوجھ کم ہوسکے اور اپنی ضروریات پوری کرنے میں انہیں دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ملکی معیشت میں بہتری کے دعوے، عوام ریلیف سے محروم، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ!
![]()
وقتِ اشاعت : July 2 – 2025