بلوچستان حکومت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بروقت اہم فیصلے کررہی ہے جس کا بنیادی مقصد صوبے کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرنا ہے عوام کو بنیادی سہولیات سمیت روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آسکے۔
بلوچستان حکومت نے نئے مالی سال 26-2025 کا آغاز 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے فوری اجرا سے کیا جو صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی عمل کے بروقت آغاز کی ایک نئی مثال ہے۔
یہ فنڈز مالی سال کے پہلے ہی دن محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبائی نظم و نسق، تیاری اور سنجیدگی کا مظہر ہے جو کاغذی دعوؤں کے بجائے عملی خدمت کی جانب واضح قدم ہے۔
بلوچستان حکومت کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کے اجراء سے جن منصوبوں پر فوری عملدرآمد شروع ہوگا ان میں صحت، تعلیم، آبپاشی، سڑکوں کی تعمیر اور توانائی کے منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فنڈز کے بروقت اجراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترقیاتی فنڈز کا اجراء کاغذی دعوؤں کا نہیں بلکہ عملی خدمت کا آغاز ہے، اب بلوچستان میں صرف باتیں نہیں ہوں گی بلکہ بجٹ کا ہر روپیہ زمین پر نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا کہ اگر نیت صاف ہو تو فیصلے دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں میں ہو سکتے ہیں، یہ اقدام صوبائی حکومت کی عوام سے وابستگی کا واضح پیغام ہے۔
بہرحال یہ انتہائی خوش آئند عمل ہے جو صوبائی حکومت کی بلوچستان میں ترقی کے حوالے سے سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں تیز رفتار ترقی کا خواہاں ہے گوکہ صوبے میں مسائل بہت زیادہ ہیں مگر ان کے حل کیلئے اگر خلوص نیت سے کام کیا جائے تو مسائل پر قابو پانا ناممکن نہیں۔
موجودہ صوبائی حکومت تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مفاد سے جڑے منصوبوں کو اہمیت دے رہی ہے اور یہ کام زمین پر بھی ہوتا دکھائی دے رہاہے جبکہ ساتھ ہی صحت، تعلیم جیسے شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے نمایاں تبدیلی بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
یہ سلسلہ جاری رہنے سے بلوچستان میں ترقیاتی عمل میں مزید تیزی آئے گی جس سے عوام براہ راست مستفید ہونگے۔
موجودہ حکومت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو مواقع فراہم کررہی ہے تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آسکے جس کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ خصوصی اکنامک زونز کے قیام کے ساتھ نجی اقتصادی زونز کی تشکیل کا عمل بھی جاری ہیجو نوجوانوں کی بڑی تعداد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی جس کے دور رس اثرات مرتب ہونگے۔
بلوچستان حکومت کا ترقیاتی فنڈز کا فوری اجراء ، عوامی مسائل کا حل اور ترقی ترجیحات میں شامل!
![]()
وقتِ اشاعت : July 3 – 2025