|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2025

سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری کے نفاذ کا مطالبہ عالمی قراردادوں کے منافی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو وسعت دینے کی ہر کوشش مسترد کرتے ہیں، اسرائیلی حکام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ سعودی عرب اپنے فلسطینی بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ اپنے جائز حقوق حاصل کرسکیں۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق میں1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کا قیام شامل ہے، ایسی آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اس مؤقف کو مملکت کا مستقل اور غیر متزلزل اصول قرار دیا ہے۔