کوئٹہ: سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے جیئے سندھ محاز کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو کا رابطہ، بلوچستان کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور قومی حقوق کیلئے ہونے والی جدوجہد کی حمایت کا اعلان،
سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے جمعہ کو جیئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان اور سندھ کے قدرتی وسائل پر قبضہ اور لوٹ مار پر تشویش کا اظہار اور سندھ اور بلوچستان کے قومی حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ قومی حقوق کی جدوجہد میں سندھ کے لوگ بلوچستان کے لوگوں کے شانہ بشانہ ہیں،انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان کے حقوق کیلئے ہونے والی جدوجہد میں جیئے سندھ محاز اور سندھ کی قوم پرست قیادت شامل ہوگی،نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے جیئے سندھ محاز کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو اور دیگر قوم پرست قیادت کا مشترکہ جدوجہد کے عزم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ پر مسلط ڈمی اسمبلیوں نے سندھیوں اور بلوچوں کی آئندہ نسلوں کی امید اور خوشحالی چھین لی ہے،
انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ کا پانی، گیس، پیٹرول، کوئلہ، قدرتی وسائل، جزیرے فروخت کرنے والی جماعت نے اب بلوچستان کا رخ کیا ہے مشترکہ جدوجہد سے اس کا راستہ نہ روکا گیا تو آئندہ نسلوں کی ترقی کا راستہ رک جائے گا اور ہماری آئندہ نسلیں خوشحال اور باوقار زندگی سے محروم ہوکر نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمت کرتے زندگیاں گزاریں گی۔