|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2025

کوئٹہ :  اسلامی جمہوریہ ایران کے نگران قونصل جنرل علی رضا رجائی اور ایران ایئر لائن کے سربراہ آغا کریمی اور ڈپٹی سربراہ آغا اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر اسلامی ہمسایہ ملک ہیں

ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کو سہولت کی فراہمی کیلئے حائل رکاوٹوں کو مل بیٹھ کر باہمی رضا مندی سے دور کریں اور رابطوں کو مضبوط بنائیں گوادر اور چابہار بندر گاہوں کے مابین روابط کے لئے ہمیں گوادر اور چمن سمیت سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے

وفاقی حکومت بھی اس حوالے سے اقدامات اٹھائے بلوچستان کے تاجروں کی سہولت کے لئے ایران ایئر سروس شروع کررہا ہے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار پرواز ہوگی

جس میں کارگو کی سہولت بھی مہیا کریں گے ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم کرایہ مقرر کریں کوئٹہ ایئر پورٹ حکام کی جانب سے کچھ مشکلات ہیں انہیں دور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس میں ایران ایئر لائن کی جانب سے باضابطہ پرواز شروع کرنے کے افتتاح کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملا خیل، پیٹرن انچیف حاجی ولی محمد نورزئی ، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر تاج محمد خان بڑیچ ، قاری نعیم الرحمن ، ڈاکٹر فرحت اللہ، جاوید پراچہ ، چوہدری رفعت علی، اسد نورزئی، عطاء اللہ مینگل، ماسٹر نادر علی ، فرزانہ کریم بلوچ، شرمین یونس، صوفی احد ، اکرم خان ترین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر علی رضا رجائی اور ایران ایئر لائن کے سربراہ آغا کریمی نے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمسایہ ملک ہے ہم نے ملکر دونوں ممالک کی بہتری اور مضبوطی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تاجر اور عوام کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں

ہماری کوشش ہے کہ تاجروں کی بھر پور مدد کی جائے اور جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایئر لائن ایران نے بلوچستان کے تاجروں اور پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کوئٹہ سمال ٹریڈز اینڈ سمال انڈسٹری چیمبر کی کاوشوں کی بدولت ہفتہ وار پرواز کوئٹہ زاہدان اور مشہد کے لئے شروع کررہے ہں جس میں کارگو کی سہولت بھی ہوگی بعد میں پروازوں میں اضافہ اور کارگو کی فلائیٹ بھی شروع کریں گے جس کا مقصد تاجروں کو کم اخراجات اور وقت میں ایران کے تمام شہروں تک رسائی فراہم کرنی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں ہمیں حالات کے تناظر میں غیروں کی بجائے اپنوں کو اپنے قریب لاتے ہوئے انہیں سہولیات دینی ہیں

انہوں نے کہا کہ گوادر، چمن اور دیگر سرحدی علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے وزارت داخلہ اس حوالے سے اقدامات اٹھائے اور گوادر بندرگاہ سمیت چابہار بندر گاہ کے درمیان رابطوں کو فعال بنایا جائے

انہوں نے کہا کہ ہمارے کوئٹہ سمیت صوبے میں گزشتہ 4 سالوں سے بند تعلیمی اداروں کو فعال بنایا جائے تاکہ لوگوں کو تعلیم کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ یہاں پر پیدا ہونے والی منشیات ایران جاتی ہے اس کے تدارک کی ضرورت ہے میں سیکورٹی وجوہات کی بناء پر سرحدی علاقوں میں اپنے خاندان اور عزیز و اقارب سے نہیں مل سکتا حالانکہ بلوچستان کے لوگ مخلص، پیار محبت کرنے والے ہیں ہمیں حالات کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے سرحدی علاقوں کے دورے کی اجازت کے حصول کے حوالے سے گورنر بلوچستان کو آگاہ کیا ہے جس کا مقصد ہمیں آپس کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے

ہمیں آپس میں سگے بھائیوں جیسے تعلقات کو مضبوط بنانا ہے نہ کہ سوتیلے بھائی جیسے تعلقات کو پروان چڑھائے وفاق بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کرایہ زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے اور ویزے کے حصول میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کا ازالہ کیا جائے اس حوالے سے دونوں ممالک ملکر اقدامات اٹھائیں اس موقع پر مشیر ماحولیات نسیم الرحمن ملا خیل نے ایران قونصل جنرل اور ایئر لائن ایران کے سربراہ اور ان کے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کے شروع ہونے سے بلوچستان اور ایران کے تاجروں سمیت لوگوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں گے اور اس سے کاروبار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی اور تاجروں کا وقت اور پیسہ ضائع ہونے سے بچے گا اور کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ تمام شرکاء مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اور کوئٹہ سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری چیمبر کے پیٹرن انچیف حاجی ولی محمد نورزئی نے قونصل جنرل اور ایران ایئر لائن کے سربراہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس نے 2013ء سے معرض وجود میںآنے کے بعد اس وقت کے صدر رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے پروازوں کی فعالیت کے لئے ایوان زیرین سمیت ہر فورم پر اس کے لئے آواز اٹھائی اور آج پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کی کاوشوں سے ہم اس پروازوں کو فعال بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جس کے ہمارے تمام ساتھی مبارک باد کے مستحق ہیں اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کو چیمبر کی جانب سے اعزازی شیلڈ پیش کی۔