کوئٹہ، : صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کو انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا درندگی کی بدترین مثال ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ برداشت سانحہ ہے جس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ دشمن کا ہدف پاکستان کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے، مگر پوری قوم ان سازشوں کے خلاف متحد ہے اور ایسی ظالمانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے اور ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
ساتھ ہی انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔