ڈیرہ مراد جمالی: جھل مگسی کے علاقے سیدالی میں دو مشتبہ افراد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے پولیس ذرائع کے مطابق،
فورس نے گنداواہ سٹی پولیس تھانہ کے علاقے میں ایک مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کی، جس میں دو مرد اور دو خواتین سوار تھیں۔
کار سوار اہلکاروں کو دیکھ کر گاڑی کو بھگا لے گئے اور سیدالی کے قریب کچے کے علاقے میں گاڑی چھوڑ کر فرار ہوتے ہوئے ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، جس پر مقامی رہائشیوں اور مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں مرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔لیویز فورس اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے لیا اور کار میں موجود دونوں خواتین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مرنے والے ایک شخص کی جیب سے شناختی کارڈ ملا، جس پر نام جاوید احمد ولد محمد احمد، تعلق گاجان تحصیل گنداواہ، ضلع جھل مگسی درج تھا۔
دوسرے شخص کی شناخت وسیم ولد عبدالعزیز کے طور پر ہوئی ہے، جو طور پر ملتان کا رہائشی ہے۔تاحال واقعے کے بارے میں جھل مگسی کے کسی بھی ذمہ دار افسر نے میڈیا سے بات نہیں کی، جبکہ مزید تفتیش لیویز فورس کی جانب سے جاری ہے۔