|

وقتِ اشاعت :   July 21 – 2025

کوئٹہ : مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر آئینی درخواستوں کی سماعت نہ ہوسکی۔

سینئر قانون دان سید نذیر آغا ایڈووکیٹ نے پیر کو بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست گزار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، سینئر قانون دان محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ، بیرسٹر اقبال کاکڑ ایڈووکیٹ، میاں بدر منیر ایڈووکیٹ، سردار طاہر حسین حیدری ایڈووکیٹ، سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیر کرد اور نیشنل ڈیموکریٹ موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان لالا کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی سے منظور ہونے والے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے خلاف سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر آئینی درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ کی اسلام آباد میں موجودگی کے باعث نہ ہوسکی۔

قبل ازیں سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی پیر کی صبح بلوچستان ہائیکورٹ پہنچے جہاں پہلے سے بڑی تعداد میں سیاسی کارکن موجود تھے، بلوچستان ہائیکورٹ پہنچنے پر سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی وکلا اور کارکنوں سے گھل مل گئے اور کافی دیر تک وہاں رہے۔