لاہور: ملک میں خوردنی تیل اور گھی پر عوام سے فی کلو 175روپے تک اضافی وصولی کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی حکومت نے معاملے کا نوٹس لے لیا،
مسابقتی کمیشن کے ذریعے گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری میں کارٹل کی تحقیقات شروع کرائے جانے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی، عالمی مارکیٹ میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی کے باوجود پاکستان میں اضافہ ہوا۔ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستانی عوام سے 150 سے 175 روپے فی کلو اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مقامی مارکیٹ میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے پر غور جاری ہے، ای سی سی معاملے پر غور کے بعد اہم فیصلے کرے گی۔
اجلاس میں مسابقتی کمیشن کے ذریعے گھی اور کوکنگ آئل انڈسٹری میں کارٹل کی تحقیقات شروع کرائے کا امکان ہے۔مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ میں نے کئی ماہ قبل اس پر آواز بلند کی تھی کہ عالمی منڈی میں پام آئل اور سویا بین کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں گھی اور آئل ملیں قیمتوں میں کمی نہیں کر رہیں لیکن کسی بھی ادارے کی طرف سے اس کا نوٹس نہیں لیا گیا تھا۔