|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2025

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے پہلے Karate Combat فائٹر اور تین مرتبہ کے عالمی چیمپیئن شاہ زیب رند نے سوشل میڈیا پر ایک اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے حکومت پر وعدہ خلافی اور نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

شاہ زیب رند، جو کہ اب تک ناقابل شکست (8-0) ہیں، نے اپنے بیان میں کہا:

“ہمارے سیاستدان کرپٹ ہیں۔ پچھلی بار جب میں نے جیتا تو وزیرِاعظم شہباز شریف نے 50 لاکھ روپے کی نقد انعام اور 8 کروڑ روپے تربیتی کیمپ اور آئندہ مقابلوں کی تیاری کے لیے دینے کا اعلان کیا تھا، لیکن وہ سب جھوٹ نکلا۔ مجھے آج تک کچھ نہیں ملا۔ وہ صرف تصویریں بنواتے ہیں، جھوٹے وعدے کرتے ہیں اور پھر بھول جاتے ہیں۔ شرم کی بات ہے۔”

شاہ زیب کے اس بیان پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے کہا: لگتا ہے کسی قسم کی غلط فہمی یا غلط کمیونیکیشن ہوئی ہے۔

ہم اس غیر ضروری تاخیر پر مخلصانہ معذرت خواہ ہیں۔ آپ جیسے کھلاڑی ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ہم آپ کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں۔

آپ نے ملک کا نام روشن کیا ہے اور ہمیں فخر بخشا ہے۔

وزیرِاعظم نے اس تاخیر کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملہ فوری طور پر حل کیا جائے گا، ان شاء اللہ۔ مزید برآں، وزیرِاعظم نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ ایسی غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔ ہم اس غیر ضروری تاخیر اور آپ کو پیش آنے والی پریشانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔”

شاہ زیب رند کے مداح اور کھیلوں سے محبت رکھنے والے افراد حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پاکستان کے ہیروز کے ساتھ انصاف کیا جائے اور ان کے وعدے وقت پر پورے کیے جائیں۔