|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2025

کوئٹہ: سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ جعلی قانون سازیوں کے ذریعے بلوچستان کی محکومیت کو غلامی میں تبدیل کرنے والوں کا راستہ سیاسی مزاحمت سے روکناہوگا،

بلوچستان کے لوگ سنجیدگی کیساتھ اپنے قومی وقار، سیاسی آزادی کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کریں۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز سراوان ہاؤس میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاکہ جعلی سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے نتیجے میں بلوچستان کو اپنی ذاتی جاگیر میں تبدیل کرکے قانون سازیوں کے ذریعے بلوچستان کی محکومیت کو غلامی میں تبدیل کرکے صوبے کے لوگوں کو قومی اجتماعی غلامی کے قانون میں باندھ رکا ہے

اگر اب بھی پرامن سیاسی مزاحمت کے ذریعے جعلی قانون سازی کا راستہ نہ روکا گیا تو دہائیوں تک ہماری آئندہ نسلیں بھی عدالتوں کے چکر کاٹتی رہیں گی اور ہماری آئندہ نسلیں آج کے لوگوں کو معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھے لوگوں نے قوم کیساتھ ظلم کیا ہے یہ قومی مجرم ہیں یہ لوگ بلوچستان کا سودا کرکے یہاں تک پہنچے ہیں شفاف انتخابات ہوں تو ان کی اکثریت صدیوں تک اقتدار میں نہیں آسکے گی۔ انہوں نے کہاکہ آسمان سے کوئی نہیں اترے گا بلوچستان کے لوگوں کو ہی سنجیدگی کیساتھ اپنے قومی وقار، سیاسی آزادی کیلئے یکجا ہوکر جدوجہد کرنا پڑیگی۔