|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2025

کوئٹہ :  بلوچستان کے علاقے ضلع مستونگ میں غیرت کے نام پر میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ لیویز تھانہ ولی خان میں مقتول شعیب کے بھائی کی مدعیت میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ۔

لیویز کے مطابق مقدمے میں مقتولہ بے نظیر کے پانچ بھائیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

ملزمان نے اپنی بہن بے نظیر اور بہنوئی شعیب کو دعوت کے بہانے بلا یا جس پرشعیب اپنی بیوی اور بھائی کے ہمراہ پنجگور سے روانہ ہوا اور رات لکپاس کے ایک ہوٹل میں قیام کیا۔

صبح کے وقت مقتولہ کے بھائیوں نے فون کرکے ان کی لوکیشن حاصل کی اور ہوٹل پہنچ کر دونوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں۔

شعیب کا تعلق پنجگور کے علاقے چتکان سے جبکہ بے نظیر کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی سے تھا۔

دونوں نے سات برس قبل پسند کی شادی کرکے کورٹ میرج کی تھی، جس کے بعد بے نظیر کے اہل خانہ ناراض تھے۔ پولیس کے مطابق کچھ عرصہ قبل دونوں خاندانوں کے درمیان صلح ہوگئی تھی ۔بے نظیر پانچ ماہ کی حاملہ تھیں اور ان کے دو کمسن بچے، جن کی عمریں 6اور3 سال ہیں۔لیویز نے مقتولہ کے بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بلوچستان میں پہلے ہی غیرت کے نام پر مرد اور عورت کو قتل کرنے کا ایک واقعہ زیرِبحث ہے جنہیں ڈیڑھ ماہ پہلے مارا گیا تھا۔تاہم دوہرے قتل کا یہ معاملہ گذشتہ ہفتے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا۔ ویڈیو میں خاتون اور مرد کو ہجوم کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔