|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2025

تربت: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے سابق صوبائی وزیر میر عبدالرؤف رند اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر زبیر رند کی ملاقات، علاقائی مسائل، بارڈر سے متعلقہ مسائل، بجلی اور امن و امان کے امور پر تفصیلی گفتگو۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالرؤف رند اور میر زبیر رند نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران میر عبدالرؤف رند نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو علاقے میں درپیش اہم عوامی مسائل سے آگاہ کیا جن میں بارڈر سے متعلقہ امور، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور مسائل، امن و امان کی صورتحال اور دیگر بنیادی مسائل شامل تھیں، خصوصی طور پر دشت اور مند کے عوام کو درپیش مشکلات اور سرحدی تجارت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔