|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2025

ڈیرہ مرادجمالی: نصیرآباد وومن پولیس کی کامیاب کارروائی، ڈیرہ مرادجمالی سے اغواء ہونے والی دو باگڑی لڑکیاں بازیاب، دو ملزمان گرفتار اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تفصیلات کے مطابق صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کی حدود میں مویشی منڈی کے قریب سے اغواء کی جانے والی دو باگڑی لڑکیوں کو وومن پولیس نصیرآباد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرا لیا۔

کارروائی کے دوران دو ملزمان جاوید احمد نڈو خان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکیاں، جن میں ایک پندرہ سالہ بھاگ بھری اور دوسری شادی شدہ گنگا شامل ہیں، غیر مسلم خانہ بدوش قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں اور کپڑے فروخت کرکے گزر بسر کرتی ہیں۔ گنگا کے ہمراہ اس کا معصوم بچہ بھی تھا۔

دونوں لڑکیوں کو مویشی منڈی کے قریب سے مبینہ طور پر اغواء￿ کر لیا گیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی نصیرآباد رینج کیپٹن ریٹائرڈ عاصم خان اور ایس ایس پی نصیرآباد غلام سرور بھیو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بازیابی کا حکم جاری کیا۔

وومن پولیس نصیرآباد کی ایس ایچ او عائشہ عباسی نے بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرایاپولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ متاثرہ لڑکیوں کو قانونی کارروائی کے بعد ان کے اہلخانہ کے حوالے کیا جائے گا۔

ایس ایس پی نصیرآباد نے وومن پولیس ٹیم کی بروقت اور موثر کارروائی کو سراہا ہے اور واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔