|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2025

کوئٹہ: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز کوئٹہ اور صوبے کے 36اضلاع میں 3G اور 4G موبائل انٹرنیٹ سروس کی طویل بندش کو مسلط کردہ صوبائی حکومت کی پیداوار اور محکمہ داخلہ کی سنگین نااہلی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے پریس ریلیز میں کہا کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے صوبے کے لاکھوں شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ کاروبار، تعلیم، اور ابلاغ کا پورا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ موبائل صارفین مہنگے ہفتہ وار اور ماہانہ پیکجز خریدنے پر مجبور ہیں، لیکن نیٹ ورک نہ ہونے کے باعث یہ پیکجز استعمال سے قبل ہی ختم ہو جاتے ہیں، جس سے عوام کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

بیان میں واضح کیا کہ صوبے کا تجارتی اور کاروباری طبقہ، جو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا لین دین کرتا ہے، شدید مالی نقصان اور عملی مفلسی کا شکار ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ طلباء و طالبات کی آن لائن کلاسز، مقابلے کے امتحانات، اور ڈیجیٹل لائبریری تک رسائی بھی مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جو آنے والی نسل کے مستقبل پر کاری ضرب ہے۔ بیان میں کہا ہیں کہ آن لائن شاپنگ، خرید و فروخت اور دیگر ڈیجیٹل سرگرمیوں سے وابستہ ہزاروں شہری ذہنی اذیت اور معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ موبائل کمپنیاں پیکجز کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کر رہی ہیں مگر سروس فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہیں۔

یہ روش عوام سے کھلی لوٹ مار کے مترادف ہے۔بیان میں پی ٹی اے، موبائل کمپنیوں اور تمام متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں 3 Gاور 4Gموبائل انٹرنیٹ سروس فوری بحال کی جائے، اور اس ماہ کے غیر فعال نیٹ ورک کے دنوں کا ڈیٹا آئندہ ماہ کے پیکجز میں بلا تاخیر شامل کیا جائے، تاکہ عوام کو ہونے والے اربوں روپے کے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔ بصورت دیگر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی صوبے بھر میں بھرپور عوامی احتجاج شروع کرے گی۔