اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے برآمد کنندگان امریکی مارکیٹ میں مسابقتی برتری حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں،
حکومت کی جانب سے باہمی ٹیرف کو 29فیصد سے کم کر کے 19فیصد کرنے کے لیے کامیابی سے بات چیت کی گئی جو خطے میں سب سے کم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو ایس ریپروکل ٹیرف پر ہونے والے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل، سیکرٹری تجارت جواد پال، تجارت ڈویڑن اور صنعت و پیداوار ڈویڑن کے سینئر افسران اور 30سے زائد معروف برآمد کنندگان اور ایس ایم ایز سمیت مختلف شعبوں، سالٹائل، ایپس، ٹیکسٹائل، سپورٹس سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
جام کمال خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ٹیرف میں کمی کے ذریعے فراہم کردہ مواقع پر برآمد کنندگان کیلئے ضروری ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور برآمدات کو بڑھانے کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ طے کیا جائے۔ انہوں نے وزیر خزانہ اور سیکرٹری تجارت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس سنگ میل کو حاصل کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے میں نجی شعبے کی حمایت کو سراہا۔معاون خصوصی ہارون اختر نے کہا کہ علاقائی فائدے کو اجاگر کرنے اور حکومت موجودہ حالات سے پیدا ہونے والے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے صنعت کو زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
صنعت کے نمائندوں نے تجارتی سفارت کاری میں حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سازگار تجارتی ماحول اور پالیسی سپورٹ پر زور دیا،
جس کا مقصد مینوفیکچرنگ کی لاگت کو بہتر بنانا اور مستقبل کے کاروباری مواقع کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ان پٹ تک رسائی حاصل کرنا ہے۔وزیر تجارت نے کہا کہ بہتر تعاون اور فیصلہ کن اقدامات کے ذریعے پاکستان کی برآمدی صنعتیں نمایاں ترقی حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کی طرف سے تمام سفارشات وزیر اعظم کو غور کیلئے پیش کی جائیں گی۔