کوئٹہ : سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی ملاقات،اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، سردار رشید خان ناصر نے منگل کو سراوان ہاوس میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ملاقات کی،
ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان اور مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد سلیم کی جانب سے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو 17 اگست کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ اور اس جیسی دیگر قانون سازیوں کے خلاف سیاسی جماعتوں، حقیقی قیادت اور عوام کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی انچ انچ زمین الاٹ کی جارہی ہے ایسے میں حقیقی سیاسی قیادت اور کارکنوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قومی وطن اور سرزمین کا دفاع کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون اکابرین نے اپنے ذاتی و گروہی مفادات کیلئے نہیں بلکہ اپنی قوموں کے ناموس کیلئے قربانیاں دیں۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں بلوچستان اور خیبر پختوانخوا کی قومی قیادت سمیت حکومت اور اپوزیشن میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی ہے، 23 اگست کو امن مارچ کیا جائئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے عوام کی سوچ اور فکر کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو عوامی نیشنل پارٹی نے مسترد کیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی تجویز کا اے این پی کے مرکزی صدر نے خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں اس ایکٹ کے خلاف قرار داد لائیں گے۔
نیشنل پارٹی اور جمعیت علما اسلام نے بھی اسمبلی میں مشترکہ قرار داد لانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس ایکٹ کیخلاف قانونی جدوجہد بھی کررہے ہیں۔