اسلام آباد : سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی جمہوری جدوجہد کے راستے بلوچستان کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں کیخلاف آواز اٹھارہے ہیں،
آل پارٹیز کانفرنس میںحکومت میں شامل دونوں بڑی جماعتوں نے قرار دادوں کا بائیکاٹ کیا،یہ با ت انہوںنے اسلام آباد پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہاکہ پارلیمنٹ اور اس کے ذیلی ادارے غیر موثر ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین ایک ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے گزشہ ایک مہینے سے شہر اقتدار میں دھرنا دیئے بیٹھی ہیں،
اس شہر کے رویہ اور نظام کو دیکھ کر احتجاجاً سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا، انہوںنے کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہیںاور پارلیمانی جمہوری جدوجہد کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ کسی نہ کسی فورم پر اپنے صوبے کیساتھ ہونیوا لی زیادتیوں کیخلاف آواز بلند کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ وہ ڈھائی سال صوبائی وزیر رہے اس دوران نظر بند اور پابند سلاسل بھی رہے، ڈھائی سال سینیٹ کے رکن رہے ہیں تاہم شہر اقتدار کا رویہ اور نظام دیکھ کر سینیٹ کی رکنیت سے احتجاجاً استعفیٰ دیا۔