کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ پودے اور درخت ملکی معیشت، انسانی صحت اور بیماریوں سے نجات کا بڑا ذریعہ ہیں۔
بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے ہر ذمہ دار شہری کا یہ قومی اور اخلاقی فرض ہے کہ اپنے اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں اور اس پودے کی مناسب نگہداشت اور حفاظت بھی کی جائے تا کہ وہ تنا ور درخت بن کر ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں معاون بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا
اس موقع پر انہوں نے درخت لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے دورحاضر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو ناصرف خوبصورت بناسکتے ہیں بلکہ شجرکاری کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات پاسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کوئٹہ کے موسمی حالات کو بہتر بنانا اور شہر کے بلند درجہ حرارت اور ہوا کے معیار کے مسائل کو کم کرنا ہے اربن فاریسٹ پارک شہری جنگلاتی منصوبوں کا ایک حصہ ہیں جو شہر کی ماحولیاتی بہتری کے لیے بنائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پارک میں قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا گیا ہے اور کوئی مصنوعی یا غیر فطری چیزیں شامل نہیں ہے اس طرح کا پارک قدرتی ماحول کی حفاظت اور قدرتی مناظر کی خوبصورتی کو فروغ دیتا ہے ایسی جگہ میں پودے اور درخت مقامی نوع سے ہوں گے اور کوئی مصنوعی یا غیر قدرتی تعمیرات نہیں ہوں گی
یہ طریقہ ماحول دوست ہے اور لوگوں کو قدرتی ماحول کے قریب لے جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ماحول سے کاربن کانٹینٹ ختم کریں گے ماحول کو صاف بنائیں گے ماحول سے کاربن کانٹینٹ ختم کرنا یا کم کرنا ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بہت اہم ہے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم کرکے ہم گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو روک سکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی کی صحت و بہبود کے لیے اوپن اسپیس پروگرام اور غیر فعال کھلی جگہوں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے، جس میں قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید پارک قائم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات جاری ہیں تاکہ عوام کے لیے تفریحی اور تفریحی جگہوں میں اضافہ کیا جا سکے اس طرح کے پارک عوام کی تفریح اور خوشگوار ماحول کے لیے اہم ہیں۔