اسلام آباد: سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں متحد ہوکر ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالیں،طاقت کی بنیاد پر کیے جانے والے فیصلوں کے نتیجے میں بحرانوں میں اضافہ ہورہا ہے،
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
قبل ازیں سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں ملک کے سیاسی امور، موجودہ بحرانی حالات،
بلوچستان اور خیبر پختوانخوا میں بدامنی اور صوبوں کی تقسیم کی باز گشت پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کی بنیاد پر کیے جانے والے فیصلوں کے نتیجے میں بحرانوں میں اضافہ ہورہا ہے یہ پالیسیاں ہمارے قومی وطن کیلئے خوفناک صورتحال پیش کررہے ہیں،
انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کی سب سے بڑی عوامی طاقت ہے ایسے میں تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قسم کے تجربات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے
تاکہ مزید بحران جنم نہ لیں، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے دورہ اسلام آباد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں یقینا ایک پریشان کن صورتحال ہے، ایسے میں تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں تاکہ شفاف طریقے سے پارلیمانی نظام آگے بڑھ سکے۔