|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2025

پاک چین دوستی تاریخی اور مثالی ہے۔پاکستان اور چین کے تعلقات معیشت اور دفاع دونوں شعبوں میں گہرے اور مستحکم ہیں جس میں چین پاکستان کے توانائی بحران، دفاعی صنعت کی ترقی، اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مسلسل مدد فراہم کر رہا ہے۔
گوادر پورٹ، ریلوے انجنوں کی فراہمی اور ہتھیاروں کی تیاری جیسے منصوبے اس دو طرفہ تعاون کی مثالیں ہیں۔
چین توانائی کے منصوبوں اور ریلوے انجنوں کی فراہمی میں پاکستان کا معاون رہا ہے جو پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
چین کی مدد سے گوادر بندرگاہ کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے پاکستان کے خطے میں تجارتی روابط مستحکم ہوں گے۔
پاکستان کو مختلف معاشی مسائل خاص طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی چین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
پاک چین تعلقات مزید مضبوط و مستحکم ہوتے جارہے ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر خارجہ کا پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شاندار میزبانی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف امور پر گفتگو ہوئی، سی پیک فیز ٹو پر بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد اتحادی تصور کرتا ہے، پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ علاقائی امن و استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، سی پیک سمیت پاک چین تعلقات سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں اور خطے کے امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز2، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں، تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے موجود ہے، سلامتی کونسل سمیت مختلف فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے لیے بھی پرعزم ہیں۔
بہرحال پاکستان اور چین دونوں ممالک عالمی سطح پر مضبوط اتحادی ہیں جو صرف علاقائی تجارت تک محدود نہیں بلکہ دیگر عالمی معاملات پر بھی ان میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ہر مشکل وقت میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
حکومت اور عوامی سطح پر بھی روابط مضبوط ہیں، مستقبل میں خطے میں معاشی ترقی ،پائیدار امن کیلئے دونوں ممالک کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔