تربت: صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی کی زیر صدارت تحصیل بلیدہ میں زیر تعمیر شہید غلام فاروق میموریل ہسپتال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کمشنر مکران آفس تربت اور صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی آفس کوئٹہ میں بیک وقت ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں کوئٹہ سے صوبائی سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن، اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک بلوچ، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون، ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرزاق ساسولی اور سی ای او شہید غلام فاروق ہسپتال ڈاکٹر رحیم بلیدی نے آن لائن شرکت کی اجلاس میں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، پرنسپل مکران میڈیکل کالج ڈاکٹر افضل خالق، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی، پرنسپل نرسنگ کالج تربت مہرالنساء اور پروجیکٹ ڈائریکٹر بہرام گچکی شریک ہوئے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کو اجلاس میں شہید غلام فاروق میموریل ہسپتال کی تعمیراتی کام کے صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور متعلقہ حکام کے ساتھ تکنیکی پہلوؤں پر مشاورت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، اس لیے اس کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے تحصیل بلیدہ کے عوام کو بنیادی و جدید صحت کی سہولیات ان دہلیز پر دستیاب ہوں گی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ابتدائی طور پر رورل ہیلتھ سینٹر میناز بلیدہ میں ہسپتال کو مذید بہتر بنانے پر مشاورت کی اس سے قبل پروجیکٹ ڈائریکٹر بلیدہ سٹی پروجیکٹ بہرام گچکی نے ہسپتال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا واضح رہے
کہ 50 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال ایک ارب پچاس کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے سوراپ، تحصیل بلیدہ میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ اگلے سال کے وسط تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد تحصیل بلیدہ کے عوام کو علاج معالجے کے لیے تربت شہر کا سفر نہیں کرنا پڑے گا اور انہیں معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔