|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2025

گوادر:  وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری پاور ڈویژن، چیف ایگزیکٹو کیسکو موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان، چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں گوادر میں بجلی کی کمی اور پانی کے مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ گوادر میں 170 میگاواٹ کے سولر پلانٹ کے قیام کا جائزہ لیا جائے تاکہ گھریلو اور صنعتی ضروریات کے لیے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے۔

مزید یہ بھی طے پایا کہ گوادر میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر 2 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی، تاکہ بجلی کی قلت کے باعث پانی کی ترسیل میں پیدا ہونے والے مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ حالیہ بارشوں سے شادی کور ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور وہاں سے گوادر کو پانی کی فراہمی کا کام جاری ہے، جو چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔ تاہم، پانی کی مؤثر تقسیم کے لیے متواتر و متوازن بجلی کی ضرورت ہے، جس کے فوری انتظامات ضروری ہیں۔