کوئٹہ : وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج جاری ہے جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے عالمی دن کے موقع پر آج30 اگست کو احتجاجی کیمپ میں پروگرام منعقد کیا جائے گا
بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے قائم احتجاجی کیمپ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 5925 دن مکمل ہوگئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ جبری گمشدگیوں کے متاثرین کا عالمی دن ہر سال 30 اگست کو منایا جاتا ہے،
ہم تنظیمی سطح پر اس دن کو وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں منائیں گے، اور پریس بریفنگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا، لاپتہ افراد کے لواحقین سے گزارش کرتے ہیں، کہ وہ 30 اگست بروز ہفتہ آج 1بجے پروگرام میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں اور طلبا تنظیموں سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی گزارش کی وہ اس پروگرام میں بھرپور شرکت کر کے جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔