کوئٹہ: کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم میں ہونے والے دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شدید زخمی افراد کی فوری طبی امداد کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹروں کی تجویز پر کسی زخمی کو کراچی منتقل کرنا ضروری ہوا تو حکومت بلوچستان کی فضائی سروسز فوری طور پر فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے تمام دستیاب وسائل زخمیوں کے علاج اور طبی ریلیف کے لیے وقف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ متاثرہ افراد کو بروقت اور مؤثر امداد پہنچے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
واضح رہے کہ شاہوانی اسٹیڈیم میں پیش آنے والا دھماکہ متعدد سیاسی کارکنوں کی جانیں لے چکا ہے، جب کہ کئی زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔