|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2025

قطری  وزیراعظم  شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں۔

 قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے   کہاکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر نیتن یاہوکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دیں، حماس پر اسرائیلی حملے سے یرغمالیوں کا مستقبل تاریک ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کرکے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی مرکزی قیادت کو نشانہ بنایا تھا۔

بعد ازاں حماس کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی حملے میں 6 افراد کی شہادت کا اعلان کیا گیا تھا،  حماس کا کہنا تھا کہ حملے میں مرکزی قیادت محفوظ رہی تاہم خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوگئے، شہدا میں خلیل الحیہ کے دفتر کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔

قطری وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں ایک سکیورٹی افسر شہید اور ایک زخمی ہوگیا ۔

 

قطری وزارت خارجہ نے  اسرائیلی وزیر اعظم  بنیامین نیتن یاہو کےقطر میں حماس کے دفتر سے متعلق بیانات غیرذمہ دارانہ  قرار دے دیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی دھمکیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں،نیتن یاہو کو اپنے عمل کا حساب دینا ہوگا۔

قطر کی  وزارت خارجہ کے مطابق  اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کےقطرمیں حماس کے دفتر سے متعلق بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں۔