بلوچستان میں سیاسی استحکام اور قیام امن دیرینہ مسئلہ ہے۔
بلوچستان کی موجودہ حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز اور عوام بھی بلوچستان میں ترقی ،خوشحالی، امن چاہتی ہے تاکہ صوبے میں پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
بلوچستان کے دیرینہ مسائل جو سیاسی بھی ہیں، لاپتہ افراد کا معاملہبھی سر فہرست ہے ان کو حل کرنے کیلئے حکومت سمیت سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔
دہشتگردی کی کوئی بھی حمایت نہیں کرتا جو بلوچستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے البتہ سیاسی مسائل کا نکالنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے ہم دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ انسداد دہشت گردی کا قانون عام عوام پر لاگو نہیں ہوگا۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ مولانا ہدایت الرحمان کے علاقے میں مزدوروں کو بے دردی سے قتل کیا گیا، فرانس میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد ایک دن میں قانون تبدیل ہوا۔2016 میں وکلاء کا قتل ہوا، 2016 واقعے کا ماسٹر مائنڈ سعید بادینی گرفتار ہوا، سعید بادینی کا بروقت ٹرائل نہیں کیا گیا، لاشیں اٹھانے والوں سے تکلیف کا پوچھیں، دہشتگردی کے خلاف کوئی گواہی دینے کے لئے تیار نہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، جو شخص گرفتار ہوگا اس کے اہل خانہ کو اسی وقت اطلاع دی جائے گی، لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمیشہ کے لئے ختم کریں گے۔
ہم سب دہشتگردی کا شکار ہیں، کیا ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لیڈ نہ لیں، پارلیمنٹ کی قیادت کے بغیر ہم جنگ نہیں جیت سکتے، ہمارا منشور دہشتگردی کو روکنا ہے۔
بہرحال وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے لاپتہ افراد کے مسئلے کا حل اور دہشتگردی کے خاتمے کی سب ہی حمایت کرتے ہیں مگر اس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھنا ہوگا، گرینڈ ڈائیلاگ کی طرف جانا ہوگا، اے پی سی بلانے کی ضرورت ہے۔
وفاقی حکومت کا مرکزی کردار ہے کہ وہ بلوچستان میں قیام امن، لاپتہ افراد سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے، بلوچستان پر زیادہ سے زیادہ وسائل لگائے ،این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کو خاص ترجیح و اہمیت دے تاکہ بلوچستان میں ترقی وخوشحالی ممکن ہوسکے اور بلوچستان کے عوام ترقی سے براہ راست مستفید ہوں۔
امید ہے کہ بلوچستان میں قیام امن سمیت دیگر مسائل حل کرنے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائے گی تاکہ بلوچستان میں سیاسی استحکام، امن اور ترقی آسکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا لاپتہ افراد کے مسئلے کا حل اور دہشتگردی کے خاتمے کا عزم، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ ناگزیر!
![]()
وقتِ اشاعت : September 12 – 2025