|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2025

کوئٹہ/ گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری پبلک ہیلتھ ہاشم غلزئی، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر کو مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ میرانی ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعے گوادر کو پانی کی سپلائی سے متعلق فیزیبلٹی رپورٹ فوری طور پر تیار کی جائے، تاکہ یہ منصوبہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی شراکت سے مکمل کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے جی ڈی اے کو ہدایت دی کہ نئے پائپ لائن سے گھریلو کنکشنز کی فراہمی کے عمل کو تیز کرتے ہوئے فوری طور پر مکمل کیا جائے،

جبکہ شادی کور سے پانی کی باقاعدہ سپلائی شروع کرنے اور واٹر ڈیسلینیشن پلانٹ کو مزید فعال بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اسی طرح پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو سنٹسر میں بورنگ سسٹم جلد فعال کرتے ہوئے پانی کی فراہمی شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ کو گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے نمائندہ مقرر کیا، جو تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن کی ذمہ داری انجام دیں گے۔