|

وقتِ اشاعت :   September 19 – 2025

کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ملک عبید گورگیج نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جیالوں اور شہداء کی پارٹی ہے جس نے عوام کی بلا تفریق خدمت کی ہے اور ہم بھی سیاست کو عبادت سمجھ کر کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے

حلقے کی تعمیر و ترقی کو یقینی بناکر عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے گزشتہ 70 سالوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لارہا ہوںان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء ابرار جعفر، میر ثناء اللہ جتک، میر اکرم بنگلزئی ، میر طارق سرپرہ، میر وسیم بنگلزئی ،ملک سعید شاہوانی میر ہاشم محمد شہی ، میر آزاد خان بنگلزئی ، اکرم محمد شہی ، سعید بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ملک عبید گورگیج نے کہا کہ میں بھی بلوچستان کی دھرتی کا فرزند ہوں اور صوبے کے طول و ارض کی طرح اپنے حلقے میں بسنے والے لوگوں کے دیرینہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ اپنے حلقے کے لوگوں کو 70 سالوں سے درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کو تعلیم اور لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائے پینے

کے صاف پانی ، اسٹریٹ لائٹس، سیوریج سسٹم کی بہتری کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر بھی ناگزیر ہے کیونکہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کی بدولت ہی لوگوں کے مسائل حل ہوں گے اور حلقوں میں صفائی کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو بجلی، پانی، گیس کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اس حوالے سے صوبائی حکومت وفاقی حکومت سے بات چیت کے ذریعے ان مسائل کے حل کیلئے خصوصی توجہ اور فنڈز کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جوکہ صوبے کا دارالحکومت ہے اور بلوچستان پاکستان کا آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا اور رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑا قدرتی وسائل مالا مال صوبہ ہے ضرورت اس امر کی ہے زمین میں چھپے ہوئے قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے قابل استعمال بنایا جائے تاکہ لوگوں کو ان مسائل سے چھٹکارا مل سکے۔ ہم اپنے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کے دکھوں کا ترجیحی بنیادوں پر حل ممکن بنائیں گے۔