|

وقتِ اشاعت :   September 20 – 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افغانستان میں بگرام ائیربیس واپس لینے کے بیان سے متعلق چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین افغانستان کی آزادی اور خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ کے بگرام ائیربیس واپس لینے کے بیان سے متعلق چینی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹرسے صحافی نے سوال کیا۔ اس پر ان کا کہنا تھاکہ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم خطے میں کشیدگی یا تناؤ کو سپورٹ نہیں کریں گے، امید رکھتے ہیں کہ تمام فریق خطے کے امن اور استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ افغانستان میں بگرام فوجی ائیر بیس واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ بیس اس لیے بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ اس مقام سے صرف ایک گھنٹے کے فاصلے پر ہے جہاں چین اپنے جوہری ہتھیار تیار کرتا ہے۔