|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2025

لورالائی:  ملک میں جمہوری اورغیر جمہوری قوتوں کی رسہ کشی جاری ہے ،محمود خان اچکزئی کی قیادت میں تحریک تحفظ آئین پاکستان آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،غیور عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور جمہوریت ہی میں ملک کی بقاء ہے۔ صوبے میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہے ، حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ، شاہراہیں سفر کے لیے غیر محفوظ اور سرعام لوٹ مار ، اغواء کاری ، قتل وغارت، چوری ، ڈکیتی کی وارداتیں جاری ہیں ، فارم 47کی حکومت کسی بھی واقعہ کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لاسکی ہے ،

حکومت کی پہلی اور آخری ترجیح کرپشن وکمیشن اور پرسنٹ مافیا کو سپورٹ کرکے اداروں کو مفلوج بنانا ہے جبکہ عوامی مسائل سے فارم47کے نمائندوں کو کوئی سروکار نہیں ،پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام شہدا جمہوریت اور شہدا وطن کی برسیوں کے موقع پر 7اکتوبر کو لورالائی میں تاریخی جلسہ عام منعقدکیا جائیگا۔ جلسہ عام کی تیاری کے لیے پارٹی کارکن دن رات محنت کرے ، اس سلسلے میں ضلع لورالائی کے ضلع کمیٹی کااجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جبار خان اتمانخیل ، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال،صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی داراخان جوگیزئی ،سردار حبیب الرحمن دومڑ،نظام عسکراور دوست محمد لونی نے شرکت کی ۔

اجلاس میں جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاکرجلسے کی کامیابی کے لیے بھرپور محنت کرے۔ اجلاس سے پارٹی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے بانی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے برصغیر کے وقت سے لیکر ملک کے قیام کے بعد تک اورپھر آج پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی ہمیشہ جمہوریت کی علمبردار رہی ہے۔

ملک میں آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام ، ملک کے تمام اداروں کو آئین میں دیئے گئے دائرہ کار ودائرہ اختیار کا پابند بنانے اور پشتون قومی اہداف کے حصول جس میں سرفہرست پشتونوں کے خودمختار متحدہ قومی صوبے پشتونستان یا پشتونخوا کا قیام ، وسائل پر واک اختیار کے حصول ، پشتو مادری زبان کوسرکاری طور پر تعلیمی ، عدالتی ، تجارت کی زبان کا درجہ دینے کے لیے سیاسی جمہوری جدوجہد کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7اکتوبر 1983کے شہدا جمہوریت اور11اکتوبر 1991کے شہدا وطن کی برسیوں پر پارٹی ان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کریگی اور اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی اعلامیہ کے مطابق جلسہ عام کا انعقاد ضلع لورالائی میں کیا جائے گا۔ لورالائی کے غیور عوام سے پارٹی پر زور اپیل کرتی ہے کہ وہ 7اکتوبر کے منعقد ہ جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے قوم دوستی ، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے شہدا کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کرے جنہوں نے اپنے وطن اور جمہوریت کے لیے سروں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے پارٹی ضلع لورالائی کے تمام عہدیداروں ، کارکنوںکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلسے کی تیاری میں کوئی غفلت ،

کاہلی برداشت نہیں کی جائیگی آج سے ہی تیاری کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے پمفلٹ تقسیم کرنے، انائوسمنٹ کرنے ، وال چاکنگ، پارٹی جھنڈے لگانے اور عوام کو جلسہ عام میں شرکت کے لیے دعوت کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔