کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ تمپ اور مند پر مشتمل ایک نیا ضلع تشکیل دیا جائے ۔
یہ مطالبہ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اصغررند ، وزیراعلیٰ کی مشیر مینہ مجید اور پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند نے کیا ۔
منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری میر اصغر رند نے کہا کہ کیچ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باعث تعلیم اور صحت کے شعبے بری طرح متاثر ہیں ۔
ماضی میں تمپ سب ڈویژن کو ضلع بنانے کی متعدد بار سفارش کی گئی مگر اس پر عملدآمد نہیں ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ 300کلو میٹر پر مشتمل ضلع کو تقسیم کر کے تمپ اور مند پر مشتمل نیا ضلع بنایا جائے اس حوالے سے تمام لواضمات بھی مکمل ہیں ۔ وزیراعلیٰ کی مشیر مینہ مجید نے کہا کہ تمپ اور مند کو ضلع کا درجہ دیا جائے آبادی کے لحاظ سے بھی یہ علاقہ ضلع بنانے کے قابل ہے ۔
پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند نے کہا کہ مند اور تمپ کو ضلع کا درجہ دیا جائے ان علاقوں کی آبادی3لاکھ سے زائد ہے ۔
بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔