|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2025

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ژوب میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے لانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا

جس کیلئے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا. تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مجھے پورے ژوب ڈویژن کی مختلف اقوام اور قبائل کا اعتماد اور حمایت حاصل ہیں۔ میں اس وعدے کے گواہ کے طور پر آپکے سامنے کھڑا ہوں کہ ان تمام عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کو ترتیب وار مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ ان کے فوائد علاقے کے غریب عوام تک پہنچیں۔

شفافیت، جوابدہی اور بروقت فراہمی میرے رہنما اصول ہیں جو ژوب کو تعمیر و ترقی کی روشنی اور آنے والی نسلوں کیلئے امید کی کرن میں تبدیل کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ژوب شہر میں اپنے دو روزہ دورے کے موقع پر ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

واضح رہے کہ اس موقع پر درجنوں افراد نے پاکستان مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان بھی کیا. اولسی اجتماع سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بہت جلد ژوب شہر کیلئے ایک بڑے عوامی پارک اور مزید تعلیمی اداروں کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا. وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے ژوب شہر کیلئے منظور شدہ دانش سکول ایک تعلیمی انقلاب کیلئے راہ ہموار کریگا.

ژوب میں عوام کو ان کی دہلیز پر تعلیم، صحت اور صاف پینے کا پانی کی فراہمی ہماری آولین ترجیحات میں شامل ہیں. انہوں نے کہا کہ جسطرح آپ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے میں نے بھی وفاق اور صوبہ کے ہر فورم پر آپ کی بھرپور نمائندگی کی ہے،

آپ کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے حتی الامکان کوشش کی ہے اور آئند بھی عوام کے اعتماد کو برقرار رکھوں گا. عوامی کی بیلوث خدمت کے نتیجے میں قومی سطح پر ہمارا نام ان گنے چنے عوامی قائدین کے ساتھ لیا جاتا ہے جس پر مجھے فخر ہے.

گورنر مندوخیل نے کہا کہ کہ نیت صاف ہو تو برکت ضرور آتی ہے. گورنر ہاس کوئٹہ اگرچہ ایک خاص ہاوس ہے لیکن روز اول سے میں نے گورنر ہاس کوئٹہ کے دروازے ہر عام و خاص کیلئے کھول رکھیں ہیں.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے یہ اعزاز دیا کہ وہ حرمین شریفین کی حفاظت کر رہا ہے.

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ایک کامیاب عوامی جلسے کے انعقاد پر تمام منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مسلم لیگ نون میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی۔