|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2025

کوئٹہ :  رہبر جمعیت مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کی ذلت اور مظلومیت کا بنیادی سبب دروغ گوئی کی عادت ہے

پیغمبر اسلام کے فرمان کے بمصداق کسی قوم کا اجتماعی کردار جس قسم کا ہوگا ان کی قومی حاکمیت بھی اسی طرز کی ہوگی جب مسلمان من حیث القوم جھوٹے، خیانت کار دوغلے اور خود غرض ہوں گے ان کے حاکم بھی جھوٹے، خیانت کار اور خودغرض ہوں گے لہذا ہمیں صورتحال کو تبدیل کرنے کیلئے اپنا اجتماعی کردار تبدیل کرنا ہوگا

آج اگر ہمارے معاشرے سے جھوٹ اور جھوٹے لوگوں کی پیروی کی عادت نکل جائے تو یہ موجودہ صورتحال بھی یقینا تبدیل ہوجائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ بیت العلوم الاسلامی نواں کلی کوئٹہ کے جلسہ دستار بندی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب انسانوں کا عمل قرآن کریم کے ہدایات کے مطابق شکل اختیار کرے تو خود انسانوں کے آپس میں میں بھی قربت اور اپنائیت پیدا ہوجاتی ہے خالق اور مخلوق بھی قریب اور معاون بن جاتے ہیں

اور انسان و کائنات کے درمیان بھی اتفاق، وحدت اور جوڑ پیدا ہوجاتا ہے اس لیے کہ قرآن خالق اور اس کے مخلوق کائنات اور انسان کے درمیان قرب پیدا کرنے کا ذریعہ ہے،

انتشار، بے اتفاقی اور توڑ کا وسیلہ نہیں – انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی رائے اور اختلاف کو دعوت کا بنیاد بنائیں گے تو اس سے امت اور انسانیت میں تقسیم و انتشار پیدا ہوگا لیکن اگر ہم ان بھلائیوں کے جانب دعوت دیں گے جن کی بھلائی تمام انسانوں کے درمیان تسلیم شدہ بھی ہو اور معروف بھی ہو اور ان برائیوں سے ایک دوسرے کو روکیں گے جن کی برائی مشہور بھی ہو اور تسلیم شدہ بھی ہو تو اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ لوگوں میں انتشار بھی پیدا نہیں ہوگا اور عمل کی کمزوری اور خامی بھی نکل جائے گی –