کوئٹہ : بلوچستان اسٹوڈنٹس الائنس کے زیر اہتمام طلباء کی جبری گمشدگیوں کے خلاف سوموار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کی جبری گمشدگی اور حراسمنٹ کی ہم مذمت کرتے ہیں طلباء کو تعلیم کے حصول کیلئے پر امن ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے حکومت ایسے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور جبری گمشدہ نوجوانوں اور طلباء کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ ان کے اہلخانہ میں پائی جانے والی تشویش اور اذیت ختم ہوسکے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔