|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2025

کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی اداروں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات جمعرات، 2 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوں گے۔

ان انتخابات میں ضلع سوراب کی میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل نمبر 22 انجیرا مہرآباد، ضلع شیرانی کی میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل نمبر 08، ضلع کیچ کی یونین کونسل نمبر 37 اور 38 جبکہ ضلع ژوب کی ڈسٹرکٹ کونسل کی نشستیں شامل ہیں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ریٹرننگ اور پریذائیڈنگ افسران مقرر کیا گیا ہے۔

مزید برآں، انہیں یکم اور 2 اکتوبر کے دوران مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں تاکہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ حکام اور ادارے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کریں اور پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔