|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2025

خضدار :  بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے معدنی و قدرتی وسائل سے متعلق پالیسیوں اور فیصلوں میں مقامی آبادی کی شمولیت اور ان کے آئینی حقوق کا تسلیم کیا جانا دیرپا سیاسی استحکام کی بنیادی شرط ہے۔

بیان میں کہا کہ خضدار کے علاقے فیروزآباد میں تحریک دفاع فیروزآباد کی جانب سے پرامن احتجاج اور لانگ مارچ کا اعلان دراصل معاشی شراکت، بااختیاری اور بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے ایک جمہوری آواز ہے جسے بی این پی (عوامی) نہ صرف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

بلکہ اس جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔بیان میں کہا کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور اس کی ذیلی کمپنی بولان مائننگ انٹرپرائز (بی ایم ای) گزشتہ کئی دہائیوں سے فیروزآباد کے معدنی وسائل سے منافع کما رہی ہیں لیکن مقامی آبادی آج بھی صحت، تعلیم، پانی اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ ایسا طرزِ ترقی عوامی شمولیت کے اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا

جو کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 25/9 اور 38 میں شہریوں کی مساوات، معاشی تحفظ اور بنیادی حقوق کے طور پر تسلیم کیے گئے ہیں۔بیان میں مزید کہا کہ پُرامن احتجاج اور لانگ مارچ ایک آئینی و جمہوری حق ہے اور بی این پی (عوامی) کی سیاسی وابستگی کسی منصب یا اقتدار سے نہیں بلکہ عوام کے اجتماعی مفاد سے ہے یہی اصول ہماری سیاست کی بنیاد ہیں اور اسی بنیاد پر ہم فیروزآباد سے کوئٹہ تک ہونے والی پُرامن اور آئینی عوامی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔