کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان گزشتہ دو دہائیوں سے گورننس اور امن و امان کے سنگین مسائل کا شکار رہا ہے
موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے گزشتہ دو برس کے دوران ایسے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت اثرات عام آدمی کی زندگی میں نمایاں طور پر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ان اقدامات میں عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، نوجوانوں کے لیے ہنر مند پروگرام، صحت و تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور امن و امان کے قیام کے لیے مربوط پالیسی شامل ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نہ صرف اپنی کابینہ اور اسمبلی کو فیصلوں میں شامل کرتے ہیں
بلکہ اتحادی جماعتوں اور پارلیمنٹ سے باہر کی سیاسی قیادت کو بھی اعتماد میں لیتے ہیں، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ یہی طرز عمل بلوچستان کی پرانی سیاسی روایت اور مشاورت کی مضبوطی کا عکاس ہے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اس وقت وفاق اور ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وقتاً فوقتاً فراہم کی جانے والی رہنمائی صوبائی حکومت کے لیے راہنمائی کا باعث ہے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں سردار ایاز صادق اور اسحاق ڈار بھی حکومتی پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل مشاورت فراہم کرتے ہیں۔
انہی رہنماؤں کی گائیڈ لائن کی روشنی میں بلوچستان کی مخلوط حکومت عوامی فلاح اور صوبے کی بہتری کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سب سے بڑے مسئلے یعنی امن و امان سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ عسکری قیادت بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز بحالی امن کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں اور انہیں صوبائی حکومت کی مکمل سیاسی و انتظامی سرپرستی حاصل ہے۔
وار فئیر میں سیکیورٹی فورسز اور لاء فئیر میں صوبائی حکومت دوٹوک مؤقف اور واضح حکمت عملی کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں موجودہ حکومت ایک جامع وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، ہر سیاسی و انتظامی فیصلے میں اتحادی جماعتوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کو یقینی بنایا جاتا ہے، جس سے شفافیت اور سیاسی ہم آہنگی کو فروغ مل رہا ہے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان صوبے کے عوام کی فلاح، ترقی اور امن کے ہر اقدام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ صوبے کے عوام کو ایک پْرامن، خوشحال اور بہتر مستقبل دیا جا سکے۔