کوئٹہ : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن اس وقت استعماری قوتوں کے قبضے میں ہے
پارٹی نے آپ کو پہلے ہی بتایا تھا کہ یہ استعمارگر نیا جنگ لے کر آرہے ہیں یہ جنگ کس کے خلاف ہوگی، کون اسے لڑے گا، کیوں لڑے گا
اور وجہ کیا ہوگی؟ یہ جنگ زمین کے اندر موجود نایاب عناصر (ریئر ارتھ ایلیمینٹس)اور معدنیات کے لیے ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا نیپ ضلع کوئٹہ کے ضلعی کمیٹی کے ماہانہ اجلاس اور نوحصار علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس سے پہلے پارٹی ضلعی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی صدارت میں ایمل خان بازئی کی رہائش گاہ نوحصار میں منعقد ہوئی اجلاس میں کوئٹہ سے منسلک تمام علاقائی یونٹوں پی ایس او ، اور پارٹی کے دیگر شعبوں ڈاکٹرز ، انجینئرز ، وکلا ، پروفیسرز نے اپنے ماہانہ تنظیمی رپورٹ پیش کئے جس پر کمیٹی اراکین نے اطمینان کا اظہار کیا اورآئندہ کے لا عمل کیلئے مختلف تنظیمی فیصلے کیے ۔
اس موقع پر نوحصار علاقے کے اہم قبائلی عمائدین خدائیداد اکا اچکزئی ، غبیزئی کے سربراہی میں 30، سید رفیق آغا کی قیادت میں 20 اور حاجی نور محمد اچکزئی کی قیادت میں 20 اور حاجی محمد رفیق بڑیچ کی قیادت میں 30 افراد اور سیاسی کارکنوں نے پشتونخوا نیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اجلاس سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے پشتونخوا نیپ سندھ کے صوبائی صدر صدیق آغا نے خطاب کیا جبکہ نظارت کے فرائض ضلع سینئر معاون سیکرٹری ندا سنگر نے انجام دیے اور تلاوت کلام پاک کی سعادت پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی نسیم اللہ خواری کش نے حاصل کی۔
پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے پارٹی میں نئے شمولیت کرنے والے قبائلی عمائدین سیاسی و سماجی کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنے عوام کی ملی امنگوں اور ملی ارمانوں کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی اور اس راہ میں جدوجہد کا ہر پرامن ذریعہ بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا ہے پشتونخوا وطن کے قیمتی معدنیات کی موجودہ دنیا کو سخت ضرورت ہے، اور یہ قیمتی ذخائر اس وقت ہمارے وطن میں موجود ہیں چین ان پر کنڑول حاصل کرنا چاہتا ہے اور یہ کنڑول امریکہ کے لیے قبول نہیں ریئر ارتھ ایلیمینٹس چین میں صاف کیے جاتے ہیں
اور پھر دنیا کو سپلائی کرتے ہیں ہمارپورا پشتونخوا وطن ریئر ارتھ ایلیمینٹس کا بڑا خزانہ رکھتا ہے جس پر دنیا کی نظریں ہیں اور ہماری ریاست ہماری مرضی و منشا کے بغیر دنیا کے ساتھ ہماری معدنیات کے معاہدے کر رہا ہے جو غیور پشتون ملت کو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ آج بگرام ایئر بیس دوبارہ چاہتا ہے اور پاکستان اس میں اس کا مددگار ہے، اور افغانستان میں جو حکومت بیٹھی ہے وہ پاکستان کی اطاعت گزار ہے۔
پاکستان جو آج دہشت گردی کے نعرے لگاتا ہے اور کہتا ہے کہ افغانستان سے دہشتگرد آ رہے ہیں، یہ دراصل ہمارے ملک کے آمر حکمرانوں کی گزشتہ پچاس سالہ خارجی اور داخلی پالیسیاں ہیں۔
جس کے تحت انہوں نے دنیا بھر کے دہشتگردوں انتہا پسندوں کو لاکر کے اس ملک میں ان کی مراکز ، اڈے اور انہیں تربیت دی۔ اور ماضی میں خود سابق وزیر اعظم عمران خان اور باجوہ نے جو معاہدہ کیا اس میں یہاں ہزاروں دہشتگردوں کو 15 اگست 2021 کے سقوط کابل کے بعد لائے گئے یہ دہشتگردی کے نعرے صرف بہانے ہیں اور امریکہ کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ہیں۔
اس طرح یہ پشتونخوا وطن اور اس کی معدنیات پر اپنی گرفت اور بھی مضبوط کر رہے ہیں ہمیں اپنے وطن اور وسائل کے دفاع کے لیے مظبوط منظم تنظیم اور کارکنان کی ضرورت ہے ایسے کارکن چاہئیں جن کے مقاصد بہت واضح اور صاف ہوں ہمیں وسیع نظریہ اور سیاسی و نظریاتی طور پر مجہز کارکنوں کی ضرورت ہے ۔ ہمارے مقاصد ظلم اور تاریکی کو ختم کرنا ہے
جس کے لئے سیاسی کارکن نے عملی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
چاہے دوسرے کریں یا نہ کریں مگر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے کارکن لازما عملی طور پر میدان میں ہوں گے اور اپنے وطن و وسائل کا دفاع کرنا ہوگا پارٹی کی سیاست پر قوم اور عوام کا اعتماد اور بھروسہ ہے پارٹی کے کارکن ہمیشہ اپنی عوام کی خدمت میں رہیں گے ۔
انہوں نے ضلع کوئٹہ کے کارکنوں کو پچھلے ماہ عوامی مسائل پر کامیاب مظاہرے پر دادوتحسین دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کوئٹہ کے تمام کارکنان نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری پورے احسن طریقے سے سر انجام دی ہے۔ ابتدائی یونٹس اور علاقائی یونٹس اپنی سرگرمیوں کو اور بھی یقینی بنائیں کیونکہ یہ پارٹی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں انہوں نے اپنی تقریر میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی راہ اور مقاصد واضح ہیں۔
ہم ہمیشہ اپنی قوم اور اپنے عوام کے دکھ درد میں ساتھ رہیں گے اور ان کے ساتھ مل کر اپنے مقاصد کو حاصل کریں گے۔ اس موقع پر ایمل خان بازئی کی جانب سے پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ پارٹی کے دیگر رہنماں اور ضلع کمیٹی کے اراکین اور نئے شامل ہونے والے کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیا۔