اسلام آباد : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ فتن الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ فتن الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے،
علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی پر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن یکم اکتوبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے ہیں، تاہم اس بات کی وضاحت نہیں ہوسکی کہ آج سامنے آنی والی خبر انہیں دہشت گردوں سے متعلق ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل آئی ایس پی آر نے اطلاع دی تھی کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں فتن الخوارج اور فتن الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع خضدار سے سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا تھا۔